بھٹکل 10/اگست (ایس او نیوز) پڑوسی تعلقہ ہوناور کے گیرسوپا سرکل کے قریب ایک گیس سے بھرا ٹینکر اُلٹ جانے کے نتیجے میں اطراف کے علاقہ کے عوام میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی، مگر اطلاع ملتے ہی پولس اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا اور احتیاطی اقدامات کے طور پر عوام کو ضروری احکامات جاری کرنے کے ساتھ ساتھ ہائی وے پر سواریوں کی آمد ورفت بند کردی۔
ٹینکر مینگلور سے ہبلی کے لئے روانہ ہوا تھا، بدھ علی الصباح یہ ٹینکر گیر سوپا سرکل کے قریب ہائی وے پر ہی اُلٹ گیا۔ یہ تو اچھا ہوا کہ ٹینکر سے گیس کا رساو نہیں ہوا اور حادثے میں ٹینکر ڈرائیور بھی معمولی زخموں کے ساتھ محفوظ رہ گیا۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے احتیاطی اقدامات کے طور پر ٹینکر پر پانی کی بوچھاڑ کی تو وہیں پولس نے نیشنل ہائی وے پر بیریکیڈ نصب کرتے ہوئے سواریوں کی آمد و رفت کو بند کردیا۔ بھٹکل کی طرف جانے والی سواریوں کے لئے متبادل راستہ دیا گیا ہے۔ اسی طرح کار، بائک اور سیاحتی گاڑیوں کو ہوناور کے اندرونی علاقہ سے کمٹہ اور کاروار، سرسی وغیرہ جانے کے لئے متبادل انتظام کیا گیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ بس اور بڑی سواریوں کے لئے آگے جانے کا راستہ بند کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹینکر کو اُٹھانے تک ہائی وے پر ٹریفک بلاک رہنے کا امکان ہے۔
